ویب ڈیسک: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 5 روزہ ورچوئل اجلاس آج سے شروع ہوگا، ایف اے ٹی ایف کے فیصلوں کا اعلان 25 جون کو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف پاکستانی رپورٹ پر آئی سی آر جی کی سفارشات کا جائزہ لے گا۔ آئی سی آر جی کی سفارشات کی روشنی میں ایف اے ٹی ایف فیصلہ کرے گا۔ آئی سی آر جی نے پاکستانی رپورٹ پر اپنی سفارشات مرتب کیں۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف سے اچھی خبر کی امید ہے۔ پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کو پیش رفت رپورٹ پیش کی جاچکی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے قانون سازی کی۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کرچکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی 27 میں سے کوئی بھی شرط نامکمل نہیں ہے۔ جنوری 2019 میں پاکستان نے صرف ایک شرط پر مکمل عمل درآمد کیا تھا۔ جنوری 2019 میں ایک پر جزوی عمل درآمد اور 25 شرائط نا مکمل تھیں جبکہ اکتوبر 2020 میں پاکستان نے 21 شرائط پر مکمل عمل درآمد کیا تھا۔
اکتوبر 2020 میں پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی 6 شرائط پر جزوی عمل درآمد کیا تھا۔ فروری 2021 تک پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی 24 شرائط پر مکمل جبکہ 3 شرائط پر جزوی عمل درآمد کیا گیا تھا۔