بلاول بھٹو نے جیالوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا

بلاول بھٹو نے جیالوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فاران یامین ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس، بلاول بھٹونے کارکنان کو گھرگھر پہنچ کر بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام تک پہنچانے کا ٹاسک دے دیا، کہتے ہیں وباء کے دنوں میں شعبہ صحت میں پنجاب حکومت کی ناکامی نے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔

بلاول ہاؤس میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو پنجاب کے 483 ارب روپوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے کارکنان گھر گھر جاکر عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں، پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی پنجاب کے عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے، عمران خان کے مطابق اگر پنجاب میں کرپشن ختم نہیں ہوئی تو یہ کرپشن کون کررہا ہے۔

اجلاس میں پی پی پی اراکین پنجاب کابینہ، اراکین صوبائی اسمبلی، پارٹی کے مختلف ذیلی ونگز کے سربراہان سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں کا صوبے کی سیاسی صورت حال پر رائے کا اظہار جبکہ اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کو متحد کرنے کے حوالے سے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کو پنجاب بھر میں سیاسی طور پر مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بلاول نے پی پی پنجاب کے رہنماؤں کو بزدار حکومت کی نااہلیوں کو عوام میں اجاگر کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ اجلاس میں اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ، اسلم گِل، چوہدری منظور، حسن مرتضی، عاصم محمود بھٹی، ثمینہ خالد گھرکی، زوہیب بٹ، موسی کھوکھر، سید عنایت شاہ، عمران اٹھوال، علامہ یوسف اعوان، ڈاکٹر خیام حفیظ، ڈاکٹر خالد جاوید جان، الطاف حسین قریشی، عزیزالرحمان چن، اسرار الحق بٹ، علی حیدر گیلانی، رئیس نبیل، ممتاز علی، شازیہ عابد اور بیرسٹر عامر موجود تھے۔