عرفان ملک:خواتین کو ہراساں، بلیک میل اور دھمکیاں دینے والے عناصر کے خلاف این سی سی آئی اے نے پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران خواتین کو بلیک میل کرنے اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فونز، واٹس ایپ اکاؤنٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد حاصل کیے گئے۔
لاہور میں خاتون کو شادی کے لیے دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے والے ملزم قیصر کو گرفتار کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں خواتین کو بلیک میل کرکے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے وصول کرنے والے ملزمان مزمل اور علی اصغر کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران برطانیہ کے واٹس ایپ نمبر، تین موبائل فونز اور رقم کی منتقلی سے متعلق شواہد بھی برآمد ہوئے۔
ملتان میں خاتون کا مبینہ قابلِ اعتراض مواد شیئر کرنے اور اس کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے والے ملزم تنویر کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں تصاویر حذف کرنے کے عوض مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے والے ملزم خیر حیات کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ ڈیجیٹل شواہد کی مزید جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔