عرفان ملک: عید میلادالنبی ﷺ اور جمعہ المبارک کے اجتماعات کے پیش نظر لاہور پولیس نے سرچ اور کومبنگ آپریشنز مزید تیز کردیئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جرائم پیشہ اور مشکوک عناصر کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر بھر میں 2324 سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد گھروں اور 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔
پولیس کے مطابق کومبنگ آپریشنز کے نتیجے میں 1315 مشتبہ افراد اور 257 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ضابطہ فوجداری کی دفعات 55 اور 109 کے تحت 447 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے اور جرائم پیشہ و مشکوک عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کے اجتماعات کے دوران شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، جبکہ 12 ربیع الاول کے پُرامن انعقاد کے لیے کومبنگ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔