راؤ دلشاد: مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں پنجاب بھر میں مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جامع عوامی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خود اس مہم کی قیادت کریں گی تاکہ عوام میں صحت کے حوالے سے شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مقرر کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں ہیلتھ ایس او پیز کی مؤثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر مستند طبی مراکز کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں "چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پریوینشن پروگرام" شروع کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ اس پروگرام کے تحت ذیابیطس، تپ دق، ایڈز اور ہیپاٹائٹس سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے اور شہریوں کو بیماریوں کی ابتدائی علامات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے صحت کے شعبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔