چھوٹے کاشتکاروں سے زیادتی نہیں ہوگی، عبدالعلیم خان

 چھوٹے کاشتکاروں سے زیادتی نہیں ہوگی، عبدالعلیم خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عمران یونس: سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان سے پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے ملاقات کی۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں سے زیادتی نہیں ہوگی،سینئر وزیر نے محکمہ خوراک کو ہدایات جاری کیں کہ کاشتکاروں سے خریداری مہم میں گندم کا پورا وزن لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق  پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے 90شاہراہ قائد اعظم پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ سینئر صوبائی وزیر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گندم خریداری مہم میں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں سے زیادتی نہیں ہونی چاہیے، محکمہ اس امر کو یقینی بنائے کہ گندم خریدتے ہوئے وزن میں فالتو اضافہ نہ کیا جائے اور جتنی گندم ہو اُتنی ہی اُن کو ادائیگی ہونی چاہئیے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بہتر پیداوار کے لئے زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے کاشتکاروں کو خوراک کے شعبے میں بہتری کے لئے حکومت کا ساتھ دینے کے لئے آگے آنا چاہیئے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ اس سال کسانوں کو حکومت نے کھلے بندوں باردانہ فراہم کیا ہے جس سے گندم کی خریداری بہتر ہو گی اور مڈل مین کا کردار کم سے کم ہو جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ وہ خوراک کے شعبے میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تبدیلیاں لائیں گے اور چھوٹے کاشتکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے جس قدر ہو سکا اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ سینئر وزیر نے کسان اتحاد کے پلیٹ فارم سے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہونے والی سرگرمیوں کو سراہا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer