ویب ڈیسک : بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار و کامیڈین گووردھن اسرانی 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووردھن اسرانی طویل عرصے سے شدید علیل تھے، وہ گزشتہ پانچ دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اداکار کے بھتیجے نے ان کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
گووردھن اسرانی بھارتی اداکار اور ہدایت کار تھے۔ اُن کا پانچ دہائیوں سے زیادہ پر محیط بالی ووڈ کیریئر رہا، انہوں نے 350 سے زیادہ ہندی فلموں میں کام کیا، گووردھن اسرانی نے مرکزی، معاون اور مزاحیہ کرداروں کے علاوہ دیگر کردار بھی ادا کیے .
وہ فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے گریجویٹ تھے، انہوں نے 1960 کی دہائی میں فلمی سفر کا آغاز کیا اور جلد ہی ہندی سنیما میں ایک نمایاں مزاحیہ اداکار بن گئے۔ اداکار اسرانی اپنے مزاحیہ کرداروں کے لیے خاص طور پر مقبول تھے.
فلم شعلے میں ان کا مشہور کردار، جیلر، آج بھی فلمی تاریخ کے یادگار مناظر میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ریشیکیش مکھرجی اور راج کپور جیسے ہدایتکاروں کے ساتھ ان کی کامیاب شراکت داری نے انہیں ایک با اعتماد اور ہمہ جہت اداکار کے طور پر منوایا۔