(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے اپنا سفیر نامزد کردیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈآرمن بلوم کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے، ڈونلڈ آرمن بلوم اس سے قبل تیونس میں امریکا کے سفیر رہے، ڈونلڈآرمن بلوم سینئر فارن سروس کے کیرئیر ممبر ہیں، وہ اسرائیل میں قونصل جنرل کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں جب کہ کابل سفارتخانے میں پولیٹیکل کونسلر بھی رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ بلوم قاہرہ، بغداد اور کویت میں بھی سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ لیبیا کے لیے امریکا کے ناظم الامور، مقبوضہ بیت المقدس کے اسرائیلی قونصل خانےمیں قونصل جنرل، بغداد میں ملٹی نیشنل فورس انگیجمنٹ سیل کے سیاسی قونصلر رہ چکے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بلوم نے مشی گن کی یونیورسٹی سےتعلیم حاصل کی اور وہ عربی بول سکتے ہیں، ڈونلڈبلوم کی بحیثیت پاکستان میں سفیر تعیناتی کے لیے سینیٹ کی منظوری ابھی باقی ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں طویل عرصے سے امریکا کا کوئی سفیر نہیں اور اس وقت انجیلاایگلر بحیثیت ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔