شہزاد خان: گلبرگ کے علاقے حسین چوک میں واقع طیبہ جیولرز میں چوری کی واردات پیش آئی جہاں ماسک پہنے خاتون مبینہ طور پر 42 لاکھ روپے مالیت کی ہیرے کی انگوٹھی لے اڑی۔
دکان مالک عاطر عثمان کے مطابق خاتون نے اصلی ہیرے کی انگوٹھی اٹھا کر اس کی جگہ نقلی انگوٹھی رکھ دی واردات کے دوران خاتون کو دو کالز بھی موصول ہوئیں جبکہ اس نے سٹاف کو باتوں میں الجھائے رکھا اور جلدی کا بہانہ بنا کر موقع سے فرار ہوگئی۔
دکان مالک کے مطابق خاتون تیزی سے حسین چوک کی جانب گئی اور ایک گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خاتون نے طیبہ جیولرز سے تین لاکھ روپے مالیت کی چین اور لاکٹ کی خریداری بھی کی تھی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔