عرفان ملک:ایف آئی اے لاہور زون نے مختلف کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں، جن کے دوران ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم قاسم یار اکبر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث پایا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 6.5 ملین پاکستانی روپے برآمد کیے گئے جبکہ حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق دیگر ملزمان طارق آفتاب، محمد کامران اور شیراز وسیم کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی بھاری تعداد میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی پروڈکٹس کا سٹاک رکھنے اور فروخت کرنے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔