علی ساہی: لاہور میں رواں مالی سال کے دوران موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس کی مد میں 42 ارب روپے وصول کرنے کے ہدف کے تحت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نے نادہندگان کے خلاف اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ڈائریکٹر موٹرز لاہور شاہد گیلانی نے 26 بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اپنے نام پر رجسٹرڈ تمام گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس بروقت جمع کرایا جائے، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں شہریوں نے بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے ذریعے گاڑیاں خرید رکھی ہیں، تاہم گزشتہ مالی سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔ رواں اور گزشتہ مالی سالوں کے تمام نادہندگان سے جرمانے سمیت ٹوکن ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
ایکسائز حکام نے خبردار کیا ہے کہ ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے، جبکہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کی جائیداد بھی قانون کے مطابق اٹیچ کی جا سکتی ہے۔
مراسلے میں بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کی ماہانہ اقساط کے ساتھ ٹوکن ٹیکس بھی وصول کریں تاکہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔