ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب: سیلابی خطرات بڑھنے لگے، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

24 جولائی تک بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے

پنجاب: سیلابی خطرات بڑھنے لگے، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام، جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی پانی کی صورتحال نارمل ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں۔