عابد چوہدری : ٹریفک وارڈنز کو ڈی ایس پی کی پیشگی اجازت کے بغیر مقدمات درج کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اب کسی بھی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے قبل متعلقہ ڈی ایس پی کو آگاہ کرنا اور اجازت لینا لازم ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنا مقصود ہو تو پہلے اس معاملے کو ڈی ایس پی کے علم میں لایا جائے گا۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اطہر وحید نے سٹی ٹریفک پولیس کے تمام وارڈنز کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی، بغیر لائسنس ڈرائیونگ، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کمرشل گاڑیوں اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، تاہم ماضی میں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے بڑی تعداد میں شہریوں کے خلاف مقدمات درج کیے جانے پر شکایات سامنے آ رہی تھیں۔