سعید احمد:پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
اس سلسلے میں بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 23 فروری 2026 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے حکومت کی منظوری کے بعد نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بھارت کے تمام رجسٹرڈ مسافر طیاروں، فوجی طیاروں اور نجی جیٹس پر پابندی برقرار رہے گی۔ نوٹم کے مطابق کسی بھی بھارتی طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے یا اس سے گزرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 سے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے، اور موجودہ فیصلے کے تحت اس پابندی میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فضائی حدود کی بندش کا اطلاق مکمل طور پر نافذ رہے گا۔