قذافی بٹ : گورنر پنجاب چودھری محمدسرور سے ایم این اے طاہر اقبال چودھری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ہے ، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کر پشن کے سوا ہر ایشو پر حکومت سیاسی مخالفین سے بات چیت کر سکتی ہے ۔ پی ڈی ایم احتجاجی مظاہروں کی سنچری بھی مکمل کر لے تو بھی حکومت جانے والی نہیں۔
گورنر ہاوس میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمدسرور کا کہنا تھا کہ اگرمخالفین سمجھتے ہیں احتجاج سے حکومت ان کے دبائو میں آئے گی تو یہ کبھی نہیں ہوگا۔ پی ڈی ایم احتجاج کی دھمکی سے حکومت کو کبھی بلیک میل نہیں کر سکتی ۔ الیکشن کمیشن کے سامنے اپوزیشن کے احتجاج کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کی احتجاج کی ضد کسی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ۔
چودھری محمدسرور کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی حکومت کی ذمہ داری ہے، جو ہر صورت پوری کی جائے گی ۔ عمران خان بھی بطور وزیر اعظم اپنی آئینی مدت پوری کریں گے ۔ چودھری محمدسرور نے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔
دوسری جانب گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے ملاقات کی، صداقت عباسی نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے منصوبے کے آغاز پر گورنر پنجاب کو مبارکباد دی، اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں، پی ڈی ایم انصاف پر مبنیٰ نہیں مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاج ہوگا اور ختم ہوجائے گا، اس کے علاوہ کچھ نہیں ہوگا، حکومتی مخالفین کی 2023 تک حکومت کے خاتمے کی آس بار بار ٹوٹے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی چٹان کی طرح مضبوط ہے، کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف عوام کے اعتماد اور عمران خان کی جدوجہد سے اقتدار میں ہے.