(ناصر علی ) لاہور میں داتا دربار کے سامنے ختم نبوت کانفرنس آج ہو گی۔ مرکزی سٹیج تیار کر کے داتا دربار چوک کو پنڈال کی شکل دے دی گئی ہے۔ پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرتے ہوئے داتا دربار کو جانے والے تمام راستے بند کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی مشکلات جوں کی توں ہی ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کے سیاسی پاور شو کی گونج ابھی کم نہیں ہوئی تھی کہ ملک بھر سے علماء اور مشائخ آج لاہور میں داتا دربار کے سامنے ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کے لئے جمع ہو رہے ہیں۔دوپہر ایک بجے شروع ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاںمکمل کرلی گئیں۔ داتا دربار کے سامنے کنٹینرز لگا کر مرکزی اسٹیج تیارکیا گیا ہے۔دریاں اور قالین بچھا کر کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ ساؤنڈ سسٹم کے لئے اسپیکرز بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ راوی روڈ، سرکلر روڈ اور لوئر مال سے داتا دربار کی جانب آنے والے راستوں کو ٹکسالی گیٹ، اُردو بازار چوک اور کچہری چوک میں کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
ختم نبوت کانفرنس صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے استعفے کے مطالبے کے لئے منعقد کی گئی ہے۔ جس میں پیر آف سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادے حامد رضا اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کی مرکزی قیادت کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے علما اور مشائخ ان کےمریدوں کے ہمراہ شریک ہونگے۔
کانفرنس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے رات کو ہی لاہور کی جانب روانہ ہو گئے تھے۔ کانفرنس رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزیدجاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں