سٹی42 : لاہور میں فیکٹری ایریا سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے 11 سالہ بچے کو بازیاب کروا کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

فیکٹری ایریا پولیس نے اغوا برائے تاوان کی واردات کرنے والے ملزمان گرفتار کر کے بچہ بازیاب کر لیا، اے ایس پی ڈیفنس شہربانو نقوی نے اس پر پریس کانفرنس کی۔
ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران 11 سالہ علی اکبر کو بازیاب کرایا اور اغواکار کو گرفتار کیا۔ مغوی بچہ علی اکبر سٹی ڈویژن کے علاقہ راوی روڈ سے بازیاب کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی سربراہی میں پولیس کی سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
پولیس کو مغوی کے والد پرویز اختر کی درخواست ملنے پر فوری طور پر مقدمہ درج کیا گیا اور اغواکار کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔ اغواکار شاہد کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے راوی روڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے علی اکبر کے والد سے 7 لاکھ روپے تاوان طلب کیے تھے اور تاوان نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے والدین کی پریشانی کو خوشی میں بدلتے ہوئے مغوی بچے کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ اس کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ کو ملزم کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی کا ٹاسک دیا تھا، جس کی کامیاب تکمیل ہوئی۔
ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جرائم کے خلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پولیس نے اس کیس میں موثر اور فوری کارروائی کر کے نہ صرف بچے کو محفوظ کرایا بلکہ ملزم کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا۔