(ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ پی ایس ایل فائیو کی منفرد بات یہ ہے کہ اس بار تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب کا میلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سجے گا۔ جہاں راک، پاپ، بھنگڑے، فوک اور علاقائی موسیقی کا تڑکا لگے گا، جس کے لیے اہم شخصیات بھی انتظار کر رہی ہیں۔ پاکستان کے صف اول کے فنکاروں سمیت 350 فنکار پرفارمنس دینگے۔ راحت فتح علی خان، سجاد علی، ابرار الحق، صنم ماروی اور آئمہ بیگ افتتاحی تقریب میں آواز کا جادو جگائیں گے۔ پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ گانے والے گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔ ساتھ ہی ساتھ ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کا خون گرمانے کو تیار ہیں۔
اس بار پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جانے پر کرکٹ شائقین کافی پرجوش ہیں۔ شائقین پاکستانی سمیت دنیا بھر کےکرکٹ اسٹارز کو ہوم گراؤنڈز میں دیکھ سکیں گے۔ جہاں بڑے بڑے قومی پلیئرز قومی اس میگا ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گے تو وہیں 30 سے زائد غیر ملکی کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ کا حصہ بن کر اسے مزید چارچاند لگائیں گے، ان میں کچھ غیر ملکی ایسے کھلاڑی بھی ہیں جو پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔
ڈیل اسٹین:
جنوبی افریقن فاسٹ بولر ڈیل سٹین پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے، وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔ ڈیل سٹین پہلی بار پاکستانی میدانوں پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ڈیل اسٹین ان دنوں آسٹریلیا میں جاری سیریز کھیل رہے ہیں۔ اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان شاداب خان کے مطابق ڈیل اسٹین ابتدائی 3 میچز کے بعد ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔

بین کٹنگ:
آسٹریلوی آل راونڈر بین کٹنگ پی ایس ایل سیزن فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلیں گے۔ بین کٹنگ میگا ٹورنامنٹ میں کھیلنے کیلئے کراچی پہنچ چکے ہیں۔بین کٹنگ کہتے ہیں کہ وہ بگ بیش کھیلنے کے بعد پاکستان سپر لیگ میں شرکت کیلیے آئے، یہاں کی وکٹیں بالکل مختلف ہیں۔ بین کٹنگ کراچی کی بریانی کو پسندیدہ ڈش قرار دیا ہے۔ بین کٹنگ کی اہلیہ ایرن ہولینڈ بھی پی ایس ایل کا حصہ بنیں گی، وہ ٹی وی میزبان کے فرائض سر انجام دیں گی۔

ساکیگو پراسنا:
سری لنکن پلیئر ساکیگو پراسنا پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے، پراسنا لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلیں گے۔ سری لنکن لیگ اسپنر نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کیخلاف ڈیبو کیا تھا۔ ساکیگو پی ایس ایل میں کھیلنے والے واحد سری لنکن کھلاڑی ہیں۔

فیبیئن ایلن:
فیبیئن ایلن ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ہیں اور وہ پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلیں گے،انھوں نے 2018 میں اپنا ڈیبو میچ بھارت کیخلاف کھیلا تھا۔

ٹام بینٹن:
انگلیند کے اوپنر ٹام بینٹن بھی کراچی پہنچ چکے ہیں، وہ پشاور زلمی کا حصہ بنیں گے۔ ٹام بینٹن جارحانہ بیٹسمین ہیں انھوں نے آسٹریلیا کی بیگ بیش لیگ میں ایک اوور میں پانچ چھکے لگائے۔پاکستان آنے سے قبل ٹام بینٹن نے اردومیں ٹویٹ بھی کیا تھا جس میں انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کیا حال ہیں ؟ میں نے سامان پیک کرلیا ہے ۔کیا آپ سب سٹیڈیم آنے کو تیار ہیں؟۔

لیوس گریگری:
برطانوی کرکٹر لیوس گریگری پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔لیوس گریگری نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔وہ سمر سیٹ اور انگلینڈ انڈر 19 کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
