ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارتِ تجارت آمد

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارتِ تجارت آمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارتِ تجارت آمد ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ 

پاکستان اور شام نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر تجارت نے شامی عوام سے اظہارِ یکجہتی، شام کے امن، استحکام اور تعمیرِ نو کے لیے نیک خواہشات کیا ۔ 

جام کمال خان نے شامی وزیر خارجہ کو پاکستان کی اقتصادی اور برآمدی استعداد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل، ادویات، چمڑے، کھیلوں کے سامان، آئی ٹی اور زرعی مصنوعات میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ 

وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور شام کے نجی شعبوں کے درمیان روابط اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ 

شامی وزیر خارجہ نے شام کی تعمیرِ نو اور ترقیاتی ترجیحات سے وزیر تجارت کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ رہائش، رئیل اسٹیٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں، زراعت اور صنعت میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ 

اسعد حسن الشیبانی نے کہا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کی عکاس نہیں، شامی وزیر خارجہ نے پاکستان–شام مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام کی تجویز دی، ساتھ ہی انہوں نے دمشق میں پاکستان–شام مشترکہ سرمایہ کاری فورم منعقد کرنے کی تجویز دپیش کی۔ 

شام کی وزارتِ معیشت کا وفد دوطرفہ تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ 

جام کمال خان نے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی اور عملی اقتصادی روڈمیپ تیار کرنے کی تجویز دی، کہاکہ پاکستانی اور شامی کاروباری اداروں کے درمیان ورچوئل ملاقاتیں منعقد کی جائیں۔ وزیر تجارت نے پاکستان–شام مشترکہ وزارتی کمیشن اور متعلقہ ورکنگ گروپس بحال کرنے کی تجویز پیش کی۔ 

جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط اور کاروباری وفود کے تبادلوں کو فعال بنایا جائے، پاکستان شام کے لیے تجارتی و کاروباری وفد بھیجنے کے امکانات کا جائزہ لے گا، پاکستان مستقبل میں شام میں اپنی تجارتی نمائندگی اور ادارہ جاتی موجودگی مضبوط بنانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شام کے تاریخی و ثقافتی روابط، بالخصوص بلوچستان سے وابستہ روایتی تعلقات، برادرانہ رشتوں کو مزید مضبوط بناتے ہیں ۔ 

دونوں وزراء نے خیرسگالی کو تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں عملی پیش رفت میں تبدیل کرنے کا عزم کیا ۔