ویب ڈیسک : امریکی جہاز سے گرنے والے ایک اورافغان شہری کی شناخت ہوگئی, ذکی انوری قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی تھے.
تفصیلات کے مطابق افغان قومی فٹ بال ٹیم کے ایک کھلاڑی ذکی انوری ان تین افراد میں شامل تھے جو پیر کے روز امریکی جہاز کے پروں کے ساتھ لٹک کر ملک سے باہر جانے کے خواہشمند تھے. افغان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے ذکی انوری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد کئی خاندان خوف کے عالم میں ملک چھوڑنے کے خواہشمند ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان میں سے کچھ لوگ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے جب کہ چند جہاز کے ساتھ لٹکتے رہ گئے اور بعدازاں سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جہاز کے ٹیک آف کرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے پروں سے لٹکے تین افراد نیچے گر کر ہلاک ہوگئے۔
یادرہے پیر 16 اگست کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد ہزاروں لوگ ایئرپورٹ کی طرف بھاگ پڑے کیونکہ یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ افغانوں کو بغیر ویزے کے امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔سینکڑوں لوگ فوجی طیارے میں گھس گئے جبکہ جن کو جگہ نہ ملی تو جہاز کے ساتھ لٹک گئے۔