کاروبار کھولنے کیلئے تجاویز وزیر صنعت کے حوالے

 کاروبار کھولنے کیلئے تجاویز وزیر صنعت کے حوالے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حسن علی:لاہور کی تاجر تنظیموں نے مختلف کاروبار کھولنے کیلئے حکومت کو تجاویز دے دیں،یہ تجاویز وزیر صنعت وتجارت پنجاب کے حوالے کی گئیں۔

لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن، پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن اور شہر کی تاجر تنظیمیوں کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی اور کاروبار کھولنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

بنک روڈ پر محکمہ صنعت کے دفتر میں صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے ہونے والی ملاقات میں لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان، انجمن تاجران کار ڈیلرز جیل روڈ کے چئیرمین چودھری ادریس، مولانا شوکت علی روڈ کار ڈیلرز کے صدر شعیب خان، سمن آباد کار ڈیلرز کے صدر میاں جہانگیر سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر کی شہر کی تاجر تنظیموں سے ملاقات میں پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، خالد پرویز، اشرف بھٹی، وقار احمد میاں، ملک امانت، اظہر شاہ، بابر محمود، میاں خلیل عبیر، مجاہد مقصود بٹ، عبدالرزاق ببر، ملک کلیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کے ساتھ ہیں لیکن اب حکومت بھی تاجروں کا ساتھ دے اور کاروبار کی اجازت دے کیونکہ اس وقت چھوٹے تاجر پریشانی کا شکار ہیں، تاجروں کا کہنا تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا  وائرس سے بچائو  کے لئے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کرنے کو تیار ہیں ۔ حکومت کاروبار کرنے کی اجازت دے۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اس وقت سب سے زیادہ پریشانی تاجر برادری اور روزانہ کی اجرت کمانے والوں کی ہے، وہ آئندہ چند روز میں ہونے والی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں تاجروں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز وزیر اعظم کو پیش کریں گے تاکہ کاروبار کھولنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ ہو سکے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے کورونا سے بچائو کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer