سپریم کورٹ کی سمت بدل گئی، تین دن میں 225 سول، فوجداری مقدمات کی سماعت ہوگی

City42, Supreme Court of Pakistan, Cause list of the supreme Court
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

امانت گشکوری: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چارج سنبھالتے ہی سپریم کورٹ کی سمت میں نمایاں تبدیلی آ گئی۔ سپریم کورٹ میں آئندہ تین روز میں 225 فوجداری اور سول مقدمات کی سماعت ہوگی۔

سپریم کورٹ میں 20 سے 22ستمبر تک کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں آئندہ تین روز کیلئے 5 بنچز کے سامنے 225 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر  دیئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 مقدمات کی سماعت کرے گا۔

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 80 مقدمات کی سماعت کرے گا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 40 مقدمات سنے گا۔

جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ میں 40 مقدمات سماعت کیلئے مقرر کئے گئے ہیں۔

جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بھی 40 مقدمات سنے گا۔

 گزشتہ چیف جسٹس کے دور میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور کئی دیگر ججوں کا بیشتر وقت سیاسی معاملات کے مقدمات سننے میں صرف ہو رہا تھا اور عام شہریوں کے فوجداری اور سول مقدمات کو ثانوی حیثیت دی جا رہی تھی۔ 

سپریم کورٹ میں سیاسی مقدمات اب بھی زیر سماعت ہیں لیکن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کورٹ روم نمبر ایک کی مرکزی نشست سنبھالنے کے بعد جاری ہونے والی پہلی کاز لسٹ میں بہت بڑی تعداد میں فوجداری اور سول مقدمات سماعت کے لئے مقرر کئے جانے سے یہ تاثر پختہ ہوا ہے کہ اب سپریم کورٹ اپنی سمت عام شہریوں کے مقدمات جلد نمٹانے کی جانب کر رہی ہے۔