سٹی42: قطر کےدارالحکومت دوحہ میں پاکستان کے طالبان ریجیم کے ساتھ مذاکرات ختم ہو گئے۔
پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کے دور مکمل ہونے کی اطلاع کےساتھ سفارتی ذرائع بتا رہے ہیں کہ مذاکرات کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جلد ہی جاری ہونے کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران پاکستان کا واضح موقف اور مطالبات سامنے آئے۔ پاکستان کے نمائندوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں کسی بھی دہشت گرد حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دوحہ میں پاکستانی وفد اور طالبان ریجیم کے وفد کی بات چیت ساڑھے 5 گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہی۔
پاکستان کا افغان طالبان کی عبوری حکومت کو دو ٹوک پیغام یہ تھا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کی جائے۔ پاکستان پر افغانستان سے حملہ کوئی بھی کرے، پاکستان اس کا جواب دے گا۔