اسرار خان: صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 224 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 256 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں زخمی ہونے والے 94 افراد کی حالت تشویشناک تھی جنہیں فوری طبی امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 162 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر حادثات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، تیز رفتاری اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث پیش آئے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔