ویب ڈیسک:قومی اسمبلی میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سے متعلق بجٹ تجاویز پر بحث کے دوران پیپلز پارٹی نے حکومت سے اضافہ مزید بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اجلاس کے دوران سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد مہنگائی کے براہ راست اثرات کی زد میں رہتے ہیں اور ہر بجٹ کے بعد یہ طبقہ زیادہ دباؤ محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ کاروباری طبقہ اپنی مصنوعات کی قیمتیں مہنگائی کے مطابق بڑھا لیتا ہے، لیکن تنخواہ دار طبقہ اس طرح کا کوئی فوری ریلیف حاصل نہیں کر پاتا، جس کا بوجھ بالآخر عام صارف پر بھی پڑتا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کے مطابق حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ تجویز کیا ہے جو موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں ناکافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی جماعت نے تنخواہوں اور پنشن میں زیادہ شرح سے اضافہ کیا تھا، اس لیے اس بار بھی اضافہ بڑھا کر 10 فیصد کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ سرکاری ملازمین کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنے کے لیے مجوزہ اضافہ فوری طور پر نظرثانی کے بعد بڑھایا جائے۔