علی رامے: پنجاب میں سرکاری افسران کے دفاتر اور رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں بورڈ آف ریونیو پنجاب نے مجموعی طور پر 6 ارب 91 کروڑ روپے کا تخمینہ تجویز کیا ہے، جو مختلف انتظامی دفاتر اور سرکاری رہائش گاہوں کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس مجوزہ منصوبے میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کے دفاتر کی تعمیر و مرمت کی متعدد نئی اسکیمیں شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 47 اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر اور سرکاری گھروں کی تعمیر و بحالی کیلئے 2 ارب 54 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اسی طرح 5 کمشنر دفاتر کی تعمیر و مرمت کیلئے 29 کروڑ روپے جبکہ 15 ڈپٹی کمشنر دفاتر کی بحالی کیلئے 1 ارب 67 کروڑ روپے کی لاگت تجویز کی گئی ہے۔
مزید یہ کہ ان منصوبوں کیلئے ابتدائی طور پر صرف 10 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق یہ تمام سکیمیں ابتدائی مرحلے میں ہیں اور حتمی منظوری آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دی جائے گی۔