علی ساہی: 3 محرم الحرام اور جمعتہ المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آج لاہور سمیت پورے صوبے میں 30 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں آج 148 عزاداری جلوس اور 3843 مجالس منعقد ہوں گی، جبکہ لاہور میں 10 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے اور 411 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ سکیورٹی انتظامات میں 17 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی پولیس کے ساتھ معاونت کریں گے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔