سٹی 42 : نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نیول چیف نے انہیں میری ٹائم سکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اُن کا استقبال کیا۔ صدرِ مملکت کو پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

نیول چیف نے صدرِ مملکت کو میری ٹائم سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا، ساتھ ہی انہیں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور "معرکہ حق" میں کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر آصف علی زرداری نے "معرکہ حق" کے دوران پاک بحریہ کے بھرپور ردعمل اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی سے دفاع پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے صدر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کا دفاع جاری رکھے گی۔