سعید احمد: پاکستان ریلویز نے لاہور اور ٹیکسلا ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی اور جدید خطوط پر ترقی کے لیے ماسٹر پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت دونوں تاریخی اسٹیشنوں کو ان کے اصل ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی عمارت کی بحالی کے ساتھ جدید فیملی لاؤنج، انفارمیشن ڈیسک، پلیٹ فارمز، ریزرویشن آفس اور مرکزی ہال کی جدید طرز پر تزئین و آرائش کی جائے گی۔
اسی طرح ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن پر موجود تاریخی گودام کو کیفے اور ریسٹورنٹ میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ دونوں اسٹیشنوں پر اصل فنِ تعمیر اور تاریخی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔
پاکستان ریلویز کے مطابق لاہور اور ٹیکسلا ریلوے اسٹیشنوں کو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بحال کیا جائے گا، جہاں مسافروں کے لیے جدید، محفوظ اور آرام دہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور اور ٹیکسلا ریلوے اسٹیشن قومی تاریخ اور ثقافت کی اہم علامت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریلوے انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ مسافروں کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔