وقاص احمد:شہر کے مختلف علاقوں سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق لاری اڈا کے علاقے 62 اسٹینڈ کے قریب سے تقریباً 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جبکہ ٹبی سٹی میں پانی والا تالاب کے قریب سے تقریباً 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
اسی طرح لوئر مال کے علاقے بند روڈ کے قریب واقع ایک نجی پلازہ سے بھی تقریباً 40 سالہ شخص کی لاش ملی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، جبکہ بظاہر وہ نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔
دوسری جانب گلبہار کالونی میں 40 سالہ شخص جاں بحق پایا گیا، جس کی شناخت اکرام کے نام سے ہوئی ہے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر اس کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک معلوم ہوتی ہے۔
ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مختلف واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔