ابوبکر: ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث شہری اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں دودھ اور دہی خریدنے پر مجبور ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح دہی بھی سرکاری نرخوں کے برعکس 240 سے 260 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ہر دکاندار نے اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں اور سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ قیمتوں پر مؤثر نگرانی کرے اور سرکاری نرخوں پر دودھ اور دہی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ پیداواری لاگت اور سپلائی کے اخراجات میں اضافے کے باعث سرکاری نرخوں پر فروخت ممکن نہیں، تاہم اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔