افشاں رضوان:چھٹی کے روز لاہور کے شہریوں نے اپنے دن کا آغاز روایتی دیسی ناشتے سے کیا، جس کے باعث شہر بھر کے معروف ناشتے کے پوائنٹس اور ہوٹلوں پر صبح سے ہی غیرمعمولی رش دیکھنے میں آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ حلوہ پوری، چنے، نان اور دیگر روایتی پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ناشتے کی دکانوں پر صبح سویرے ہی گہما گہمی شروع ہوگئی۔ تازہ تلی ہوئی پوری، گرم گرم چنے، حلوے اور نان کی خوشبو سے بازار مہک اٹھے، جبکہ متعدد مقامات پر گاہکوں کو اپنی باری کے لیے انتظار بھی کرنا پڑا۔
لاہوریوں کا کہنا تھا کہ تعطیل کے دن دیسی ناشتے سے بہتر آغاز ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مصروف معمولات کے باعث ہفتے کے دیگر دنوں میں ایسا موقع کم ہی ملتا ہے، اس لیے چھٹی کے روز اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ روایتی ناشتے کی محفل کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔
بہت سے شہری ناشتے کے بعد قریبی پارکوں، تفریحی مقامات اور شاپنگ سینٹرز کا رخ بھی کرتے نظر آئے، جبکہ کئی خاندانوں نے پورا دن ایک ساتھ گزارنے کے لیے چھٹی کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا۔
لاہور کو روایتی کھانوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے، جہاں دیسی ناشتہ نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے افراد کی بھی اولین پسند سمجھا جاتا ہے۔ حلوہ پوری، چنے، لسی اور گرم نان شہر کی منفرد فوڈ کلچر کا اہم حصہ ہیں، جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے تعطیلات پر ناشتے کے مراکز پر ہمیشہ خاصا رش دیکھنے میں آتا ہے۔