ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہنگو؛ فتنہ الہندوستان کیخلاف آپریشن، 9 دہشتگرد جہنم واصل

ہنگو؛ فتنہ الہندوستان کیخلاف آپریشن، 9 دہشتگرد جہنم واصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس آپریشن کے دوران 9 خارجی دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او خالد خان کی براہ راست نگرانی میں یہ آپریشن ”زرگیری“، ”شناوڑی“ اور گردونواح کے علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 خارجی جہنم واصل کردیے گئے۔

آپریشن کے دوران ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔  پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، جبکہ ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہیں۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور خوارجیوں کے خلاف سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ اس آپریشن کو مقامی سیکیورٹی اداروں کی معاونت حاصل تھی اور یہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔

خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید نے بتایا کہ ہنگو میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشن کے دوران متعدد دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو کر رہے تھے، جو اس کارروائی کے دوران زخمی ہو گئے۔

آئی جی ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ ڈی پی او کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈی پی او سے بات کی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشتگردوں کے خلاف اپنے مشن پر قائم ہیں‘۔ انہون نے کہا کہ یہ آپریشن خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری کارروائیوں کا حصہ ہے اور مستقبل میں بھی دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔