(علی ساہی)آئی جی پنجاب کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے سیکیورٹی پلان، سی پیک پراجیکٹس اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی بارے ویڈیو لنک کانفرنس،آئی جی پنجاب کا عیدکے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اورچائنیزکی سکیورٹی مزیدسخت بنانے کےلئے آڈٹ کرواکررپورٹ دینے کا حکم دے ۔
تفصیلات کےمطابق آئی جی پنجاب انعام غنی کی زیرصدارت ویڈیولنک اجلاس ہوا، اجلاس میں چینی ماہرین، شہریوں اور سرمایہ کاروں کی فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے لئےپنجاب پولیس اور ایس پی یوکے سپرد کی گئی،اس موقع پرآئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کے تمام سی پیک، نان سی پیک اور پرائیویٹ پراجیکٹس کا فریش سکیورٹی آڈٹ کروایا جائے،چینی شہریوں کے ساتھ بطور فوکل پرسنز اور ڈرائیورز کام کرنے والے نجی سٹاف کی فریش سکروٹنی کی جائے۔
چینی شہریوں کو سکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والی تمام نجی سکیورٹی کمپنیوں کا بھی فریش سیکیورٹی آڈٹ کروایا جائے،نجی سطح پر کام کرنے والے چینی شہریوں کوسکیورٹی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں میں دوبارہ جائزہ لیا جائے،چینی شہریوں کی رہائش گاہوں اور پراجیکٹس کے گردو نواح میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور لوکل پولیس کے سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشن جاری رکھے جائیں۔
عید الاضحی پر صوبہ بھر میں 25672مساجد، امام بارگاہوں، اقلیتی عبادت گاہوں اور کھلے مقامات پر عید اجتماعات ہوں گے،عید اجتماعات کی سکیورٹی کے لئے47ہزار کے قریب افسران واہلکاراور پولیس قومی رضاکار سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے،250گزیٹڈ افسران،537انسپکٹرز،1680سب انسپکٹرز،3171اے ایس آئیز، 2387ہیڈ کانسٹیبل، 27869کانسٹیبل اور222کیو آر ایف ٹیمز بھی تعینات ہوں گی۔
حساس مقامات پر242واک تھرو گیٹس، 12373میٹل ڈٹیکٹرزاور10640سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کئے جائیں گے،عید الاضحیٰ پر مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے،محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جامع سکیورٹی انتظامات کے لئےامن کمیٹیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کیا جائے۔
پولیس حراست میں ہلاکت، تشدد اور فرار کے ذمہ داران کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت محکمانہ و قانونی کاروائی میں تاخیر نہ ہو،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اس ضمن میں پولیس والوں پر درج مقدمات اور ان کی پیشرفت بارے عید کے بعد بریفنگ دیں۔