سٹی 42: آئی جی پنجاب نے عید الاضحٰی کے موقع پر تمام فیلڈ فارمیشنز کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔
آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ شہریوں اور مویشی منڈیوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید الاضحی پر شہری اپنے آبائی علاقوں میں چلے جاتے ہیں جن کے گھروں کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری ہے۔ فیلڈ فارمیشنز میں کام کرنے والا کوئی افسر یا اہلکار عید کے موقعہ پر چھٹی پر نہیں جائے گا۔ افسران عید کی چھٹیوں میں پٹرولنگ پلان پر بطور خاص فوکس کریں۔
آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ مویشی منڈیوں اور رہائشی علاقوں میں پٹرولنگ فورس کو بڑھایا جائے۔ شہریوں کو سکیورٹی کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی اور ضلعی پولیس افسران عید کی چھٹیوں میں گھر جانے والے شہریوں کو شاہرات پر ہر ممکن سکیورٹی فراہم کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کو عید الاضحی کے موقع پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی گئی۔ اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے تاہم اس پابندی کا اطلاق میڈیکل لیو اور ایکس پاکستان لیو پر نہیں ہو گا۔