میڈیکل انٹری ٹیسٹ، آن لائن رجسٹریشن کا آغاز

میڈیکل انٹری ٹیسٹ، آن لائن رجسٹریشن کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( بسام سلطان ) میڈیکل انٹری ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن کا آج سے آغاز ہوگیا جو 29 جولائی تک جاری رہے گی، میڈیکل انٹری ٹیسٹ 25 اگست کو 13 شہروں میں قائم 28 مراکز پر ہو گا۔ پی ایم ڈی سی کی پالیسی کے مطابق سوالات کی تعداد 220 سے کم کر کے 200 کردی گئی ہے، انٹری ٹیسٹ میں نیگیٹو مارکنگ ختم کر دی گئی ہے۔

میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم نے پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن کا آج سے آغاز ہو گیا جو 29 جولائی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کسی مشکل صورت میں امیدوار اسی پورٹل پر دیے گئے ای میل ایڈریس پر میل کریں، چند گھنٹوں میں مشکل دور کردی جائے گی۔ اس سال انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے لیے شناختی کارڈ یا جوینائل کارڈ لازمی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر امتحانی مراکز پر امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی، نادرا کی موبائل سروس ہر سنٹر پر موجود ہو گی۔ 18 سال سے کم عمر بچے نادرا کا سمارٹ کارڈ بنوا لیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ آزاد کشمیر اور بلوچستان کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ بھی یو ایچ ایس لے گی۔

پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ امیدوار اپنے ساتھ اینالوگ گھڑی لاسکتے ہیں، ڈیجیٹل اور سمارٹ واچ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔