محسن نقوی کا نادرا سنٹر ملتان دورہ، چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے، نئی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  ملتان پہنچتے ہی کچہری چوک میں  واقع  نادرا سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پبلک کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور اس دفتر کو عوام کی سہولت کے لئے چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا۔  

 وزیر داخلہ نے دیکھا کہ نادرا دفتر میں شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لئے شہریون کی قطاریں لگی ہیں۔ ائیر کنڈیشنر بند ہیں۔  شہریوں نے بتایا کہ نادرا کے اس دفتر میں  انتظار اور تاخیر معمول  ہے۔

 شہریوں کی شکایات میں سر فہرست یہ شکایت تھی کہ نادرا دفتر میں محض ٹوکن کے حصول کے لیے ہی 4 سے 5 گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےشہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے  ملتان کے کچہری چوک نادرا آفس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم دے دیا۔  انہوں نے شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے  اس مصروف نادرا سنٹر  کو  کچہری چوک کی موجودہ عمارت سے کسی زیادہ بہتر  جگہ پر منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔ 

نادرا سنٹر میں موجود ایک شہری نے  وفاقی وزیرداخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں ب فارم بنوانے کیلئے آیا ہوں۔ 4 گھنٹے ہو گئے  ہیں ۔ شہریوں نے کہا کہ آپ سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔اللہ تعالٰی آپ کو اپنی حفاظت میں رکھے۔  آپ نے پہلے بھی کام کرکے دکھایا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں۔ 

 محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل سن کر کہا کہ آپ کی دعائیں درکار ہیں۔ انشاللہ  اس سسٹم کو بہتر بنائیں گے۔ آپ کی  آسانی کے لئے نادرا سنٹرز کے دورے کر رہا ہوں۔ 

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی  وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ تھے۔

لاہور سے کوئٹہ، کوئٹہ سے ملتان

واضح رہے کہ وزیر داخلہ ، صبح لاہور  میں تھے، یہاں سے وہ  اہم میٹنگز کے لئے کوئٹہ گئے اور پھر رات کو  ملتان پہنچے۔

لاہور  میں محسن نقوی نے ایف آئی اے میٹنگ کے بعد کوئٹہ میں اہم سیکیورٹی اجلاسوں میں شرکت کی۔ 

 محسن نقوی نے کوئٹہ میں صدر مملکت س آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کی  اور سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کی۔ 

رات کو ملتان نادرا سنٹر میں اچانک وزٹ کر کے انہون نے اس نادرا سنٹر کی پرفارمنس بہتر بنانے کے لئے فوری احکامات جاری کر دیئے۔