ایویس کیانی: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سانحہ ترلائی کے شہد ا کے لواحقین کو امدادی رقوم کے چیک دے دیئے گئے، 36 شہدا کے ورثاء کو 50،50 لاکھ روپے کے امدادی چیک پہنچائے گئے۔
خدیجۃالکبریٰ امام بارگاہ ترلائی اسلام آباد پر 6 فروری کو ہونے والے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کے اہلِخانہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم کے چیک پیش کر دیے گئے۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 36 شہدا کے ورثا کو امدادی چیک ان کی رہائش گاہوں تک پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ تونسہ شریف، تلہ گنگ، استور اور اسکردو سے تعلق رکھنے والے مزید 4 شہدا کے لواحقین کو بھی چیک بھجوائے جا رہے ہیں۔
ہر شہید کے ورثا کو 50 لاکھ روپے مالیت کا چیک دیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 11 فروری کو ترلائی امام بارگاہ کے دورے کے موقع پر ہر شہید کے اہلِخانہ کے لیے 50 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔