اویس کیانی: وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں سے متعلق عوامی ریلیف کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیرِ پیٹرولیم کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور جس قدر ممکن ہو عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے۔
وزیراعظم نے وزیرِ پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ کراچی جا کر مقامی ریفائنریز سے مذاکرات کے ذریعے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عملی اقدامات یقینی بنائیں، کیونکہ ڈیزل کا بڑا حصہ مقامی ریفائنریز میں تیار ہوتا ہے,، اسکی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیرِ پیٹرولیم بذات خود ریفائینریز سے مزاکرات کو جلد از جلد مکمل کریں.