فاران یامین:لاہور میں ون ویلنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹاؤن شپ کے علاقے میں کومبنگ آپریشن کے دوران دو نوجوان ون ویلرز کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک ٹاؤن شپ فیاض بھٹی نے خود موٹرسائیکل پر ون ویلرز کا تعاقب کیا اور کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مجیب اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے موبائل فونز سے ون ویلنگ، روڈ ریج اور ہلڑبازی کی متعدد ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی جانب سے خطرناک انداز میں موٹرسائیکل چلانا نہ صرف ان کی اپنی جان بلکہ دیگر شہریوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔
چیف ٹریفک افسر عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر خطرناک کرتب اور ریسنگ سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔