(قذافی بٹ)وفاقی کابینہ میں قلمدانوں کی تبدیلی کے بعد صوبہ پنجاب کی کابینہ میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو اسلام آباد طلب کرلیا، گورنر پنجاب غیر ملکی دورے سے آج وطن واپس پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور دو ہفتوں سے امریکہ اور کینیڈا کے دورے پر ہیں، وہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج امریکہ سے لاہور کی بجائے اسلام آباد اتریں گے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں موجودہ سیاسی تناظر میں آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور حکومت کی کارکردگی پر بھی بات چیت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسد عمر نے وزارت خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی اہم وزارتوں میں ردو بدل کردیا۔