سٹی 42: صدر مملکت ،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے 23 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ اور بنوں میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ، انہوں نے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمے کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا۔
صدر مملکت نے کہا باجوڑ میں خوارج سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہے،بنوں میں ایک اور کارروائی میں بارہ خوارج کے انجام کو پہنچنے پر صدر زرداری نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔صدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ملک میں امن کے قیام کیلئے ریاست کے عزم کی عکاس ہیں۔پاکستان کی سرزمین پر غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ اور ضلع بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ۔
وزیر اعظم نے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ اور بنوں میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہاسکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے 23 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے دلیر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔ خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاک دھرتی سے فتنہ الہندوستان کا مکمل صفایا ہو گا۔