حکومت کا شہریوں کو  مفت کورونا ویکسین  لگانے کا فیصلہ

 حکومت کا شہریوں کو  مفت کورونا ویکسین  لگانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) پارلیمانی سیکریٹری قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ چار سے پانچ عالمی کمپنیوں سے کورونا ویکسین کیلئے رابطہ ہے، حکومت اس مہینے کے آخر تک کورونا ویکسین کے آرڈر دیدے گی۔

 تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامدکا کہنا ہے کہ کچھ ویکسین جنوری کے شروع میں پاکستان کو موصول ہو جائیں گی۔ چاہے قیمت کچھ بھی ہو، حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 186 ممالک کی تنظیم ‘’کوویکس” سے سستے داموں ویکسین ملے گی۔ پاکستان ‘’کوویکس” کے پلیٹ فارم سے بھی ویکسین خریدے گا۔ پوری دنیا ویکسین کی بکنگ کر رہی ہے، ہمارا بھی سب سے رابطہ ہے۔
ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ویکسین کی دستیابی اور تعداد کو مدنظر رکھ کر آرڈر دے رہے ہیں۔ فائزر نے مائنس 80 ڈگری کنٹینرز میں ویکسین پہنچانے کا کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی ویکسین ٹرائل میں چار ہزار پاکستانی رضا کاروں کو لگ چکی ہے۔ چائنیز ویکسین ٹرائل کے 6 ہفتوں بعد اینٹی باڈیز ٹیسٹ ہونگے۔ چینی ویکسین کے ٹرائل ٹیسٹ کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین کمپنیوں سے ویکسین خریداری کے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ویکسین خریداری کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری مل چکی ہے۔ کوویکس پلیٹ فارم ملکی 20 فیصد آبادی کو ویکسین فراہم کریگا۔