قذافی بٹ : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے،صوبے کے معدنیات کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے،ماحول دوست ٹیکنالوجی کوصوبے میں فروغ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صدر نے ملاقات کی،آل پاکستان مائنز اینڈ منرلزایسوسی ایشن نے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر وزیراعلیٰ کاشکریہ ادا کیا،میربہروزریکی کاکہناتھاکہ گزشتہ برس بھی آپ نے ہمارے مسائل سنے اور انہیں حل کیا،کان کنی سے متعلق مسائل حل ہونے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوئلے کی کانوں کی لیز پرپابندی اٹھانے کافیصلہ کیا ہے، پنجاب کابینہ نے کانوں کی لیز میں تجدید پر پابندی ختم کرنے کی اصولی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ اینٹوں کے بھٹوں کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ساتھ متبادل آپشنز کاجائزہ لیا جائے گا،ماحول دوست ٹیکنالوجی کوصوبے میں فروغ دیں گے،سیکرٹری مائنز اور ماحولیات بھٹوں کیلئے متبادل ٹیکنالوجی کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے،صوبے کے معدنیات کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے،سموگ اور آلودگی کامسئلہ بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے،سموگ اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں ۔
دوسری جانب صوبائی کابینہ نے گنے کی امدادی قیمت 200 روپے من مقرر کرنے کی منظوری دی اور چینی کے نرخوں میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مزید درآمدی چینی خریدنے کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی جب کہ بروقت ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب محکمہ خوراک کو پاسکو سے 63 ہزار ٹن درآمدی گندم خریدنے کے لیے معاہدہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔