حکومتی اتحاد نے عمران خان کا فوری الیکشن کا مطالبہ مسترد کردیا

حکومتی اتحاد نے عمران خان کا فوری الیکشن کا مطالبہ مسترد کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی اتحاد نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے فوری الیکشن کرانےکا مطالبہ مسترد کردیا ۔ 

 وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  اتحادیوں کا اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزراءمیں اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب بھی شریک ہوئے,  شرکا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا اور طے کیا کہ فیصلے پر باقاعدہ ردعمل سے قبل قانونی ماہرین اور اٹارنی جنرل سے رائے لی جائے گی.

وزیراعظم ہاﺅس میں منعقدہ اہم اجلاس میں اتحادیوں نے ملکی معیشت کے استحکام کی خاطر فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا اور الیکشن سے قبل اصلاحات کا عمل بھی جلد مکمل کرنے پر زور دیا .اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ معیشت کےاستحکام کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے جانے والے فیصلے کے بعد پنجاب کی صورتحال پر بھی غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عمران خان کا فوری الیکشن کرانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں، حکومت اگست 2023 تک اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

دوسری جانب اخترمینگل اور اے این پی ‘بی این پی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان کواجلاس میں دعوت نہیں دی گئی یا وہ خود سے شریک نہیں ہوئے اسلام آباد میں سیاسی مبصرین اس کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر حکومتی ترجمانوں کی جانب سے ابھی تک اس کاکوئی جواب سامنے نہیں آیا.