سٹی 42 : مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مولانا شیخ ادریس کی شہادت پوری امت کا نقصان ہے، اس سرزمین پر اسلام کا انقلاب برپاکرکے دکھائیں گے ۔
مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شیخ ادریش کی شہادت ایک خاندان کی شہادت نہیں، مولانا شیخ ادریس کی شہادت پوری امت کا نقصان ہے ۔ مولانا شیخ ادریس کی روح زند ہ ہے، شیخ ادریس کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن سن لیں !تم ہمارا کتنا خون بہائوگے، ہم جھکنے اور ڈرنے والے نہیں، ہماری پشت پر 200 سال کی طویل تاریخ ہے ۔
جب تک برصغیر کی قیادت علماء کے ہاتھ میں تھا ،ہر طرف امن تھا، علماءسے قیادت چھین کر ہر طرف فساد برپا کیا گیا، یہ حکمران حکومت چلانے کی اہل نہیں، آج ہر پاکستانی کو امن کی تلاش ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نےنفرتوں کے نظریات اور نعروں کو مسترد کر دیا، بلوچستان اور پختون خوا میں انسانی خون ارزاں ہو گیا ہے، نام اسلام کا لیا جاتا ہے اور خون مسلمانوں کا بہاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دیگر اسلامی ممالک میں کیوں نہیں ؟ ، افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کیوں ؟ ۔ عالمی استعماری قوتیں اپنے مفادات کے لیےدہشت گردی کر رہے ہیں ۔