احسن عباسی: کے پی کے سے خاتون کو تیسری شادی کرکے کراچی آنا مہنگا پڑ گیا، اس کے دوسرے شوہر نے تعاقب کرتے ہوئے فائرنگ کر کے خاتون کے تیسرے شوہر اور اس کے بھائی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے میں پیش آیا جہاں دونوں پارٹیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون نے اپنے دوسرے شوہر کو چھوڑ کر تیسری شادی کی اور اپنے تیسرے شوہر کے ہمراہ کراچی منتقل ہو گئی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کا دوسرا شوہر تعاقب کرتے ہوئے کراچی پہنچا اور فائرنگ کرکے اپنے مخالفین کو نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے خاتون اور اس کے دیور کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے جانچ پڑتال جاری ہے۔ جائے وقوعہ سے 30 بور کے 22 خول برآمد کیے گئے ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔