ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور :دو روزہ بڑا کریک ڈاؤن، گاڑیاں و موٹرسائیکلیں بند!

صرف چالان ہی نہیں بلکہ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لی جائیں گی

لاہور :دو روزہ بڑا کریک ڈاؤن، گاڑیاں و موٹرسائیکلیں بند!
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: لاہور ٹریفک پولیس نے آج اور کل شہر بھر میں کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیورز اور موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف خصوصی جنرل ہولڈ اپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکل افسران کو کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کرتے ہوئے مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق کارروائی کے دوران صرف چالان ہی نہیں بلکہ کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لی جائیں گی۔ تاہم جووینائل پرمٹ پیش کیے جانے کی صورت میں کم عمر افراد کی موٹرسائیکل متعلقہ قانونی کارروائی کے بعد چھوڑ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز اکثر کم عمر بچے موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹرسائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

سی ٹی او نے واضح کیا کہ لرنر پرمٹ رکھنے والے افراد کو گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں پر 5 ہزار روپے جبکہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والوں پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے ساتھ گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ لگائے جائیں گے تاکہ موٹرسائیکل سواروں کو موقع پر ہی لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔