فاران یامین:ہربنس پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی بڑی کھیپ شہر میں سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو بین الاضلاعی پتنگ ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس ایچ او ہربنس پورہ رانا محمد عمران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران ملزمان نوید اور عمران کو پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی تقریباً 2 ہزار پتنگیں اور 110 چرخیاں کیمیکل ڈور برآمد کر لیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن پتنگیں اور ڈور منگوا کر لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایڈیشنل ایس ایچ او ہربنس پورہ رانا محمد عمران اور ان کی ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔