سٹی42: چوہنگ میں واقع یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی گارڈ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے مبینہ ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان کی عمر تقریباً 25 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ فوٹیج میں ملزمان کو گھر کے دروازوں پر فائرنگ کرتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جائے وقوعہ سے خول بھی برآمد کیے گئے ہیں جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور جلد پیش رفت کی توقع ہے۔